بنگلورو، یکم مئی (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بد عنوانوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے چیف انتخابی کمیشن کی ہدایت پر بنگلور سمیت ریاست بھر میں چک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں انتخابی افسران اور پو لیس اہلکار 24گھنٹے گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی کر تے ہو ئے ووٹرس کو رجحانے کے لئے لے جانے والے تحفہ جات،نقد،زیورات سمیت دیگر چیزوں کو ضبط کر رہے ہیں۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کے نافذ ہو نے کے بعد سے ابتک نقد سمیت300کروڑ روپئے ما لیت کی چیزیں ضبط کی ہیں۔سال2018کے اسمبلی انتخابات کا موازنہ کیا جائے تو اس مرتبہ ابتک186کروڑ سے زیادہ ما لیت کی چیزیں ضبط کی ہیں۔2018کے اسمبلی انتخابات کے دوران94.3 کروڑ روپئے نقد ضبط کئے گئے تھے،لیکن اس مر تبہ کے اسمبلی انتخابات کے دوران ابتک109کروڑ روپئے نقد ضبط کئے ہیں۔کل ریاست کے مختلف چک پوسٹ پر انتخابی افسران اور پو لیس اہلکاروں نے6.24کروڑ روپئے نقد ضبط کئے ہیں۔مدہول اسمبلی حلقے میں کل5کروڑ روپئے ضبط کئے ہیں، جبکہ باگل کوٹ اسمبلی حلقے میں 30لاکھ روپئے نقد ضبط کئے گئے ہیں۔
ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نافذ ہو نے کے بعد سے ابتک جملہ109.14کروڑ روپئے نقد،22.14کروڑ روپئے مالیت کے تحفہ جات کی چیزیں ضبط کی گئی ہیں۔ ان کے علاوہ72.70کروڑ روپئے مالیت کی19.10لاکھ لیٹر شراب،18.29کروڑ روپئے مالیت کے1,438کلو منشیات،76.05کروڑ روپئے ما لیت کے149.42کلو سونے کے زیورات،4.44کروڑ روپئے مالیت کے637.94کلو چاندی کے زیورات ضبط کئے گئے ہیں،جملہ80.49کروڑ روپئے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات ضبط کئے گئے ہیں۔نقد،شراب،زیورات سمیت 302.78کروڑ روپئے ما لیت کی چیزیں ضبط کی گئی ہیں۔
ریاست چیف انتخابی کمیشن دفتر سے جاری اخباری بیان کے مطابق ابتک2,288ایف آئی آردرج ہو ئے ہیں، 69,819ہتھیارر یاست کے مختلف پو لیس تھانوں میں جمع کئے گئے ہیں۔ 18ہتھیار کو پو لیس نے ضبط کیا ہے،جبکہ20ہتھیار کے لائسنس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔سی آر پی سی ایکٹ کے تحت5,422معاملات درج ہو ئے ہیں،9,896افراد سے حلف نامہ لیا گیا ہے،جبکہ15,182افراد کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔